عوامی خدمت اور ترقیاتی عمل پی پی پی کا منشور ہے، سردارزادہ فیصل خان جمالی

اوستہ محمد ۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال عوام، ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عوام کے ساتھ ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے اور حلقہ انتخاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد سمیت حلقہ انتخاب جلد ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی نے یو این اے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردارزادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد کرتی رہی ہے، آئندہ بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوامی حکومت وزیراعلی میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں خوشحال عوام ترقی یافتہ بلوچستان کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور بلوچستان کے تمام دور دراز علاقوں میں ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ عوام کو زندگی کی بہتر سہولیات کی فرامی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں