برآمدات پر مبنی معاشی نمو حکومت کی اولین ترجیح ہے ، سینیٹر محمداورنگزیب

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، عالمی منڈیوں میں مسابقت برقرار رکھنے کے لئے کاروباری اداروں کو جدت، پیداواری صلاحیت میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای اے) کے چیئرمین ریحان نسیم بھرارہ کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کہی ۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل کے شعبے کی کارکردگی، برآمدات کی مسابقتی صلاحیت اور مجموعی کاروباری ماحول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پائیدار معاشی ترقی میں برآمدی شعبے کی اہمیت پرپرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ عالمی معاشی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے اور کاروباری اداروں کو نئی معیشت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے اپنے کاروباری ماڈلز میں تبدیلی لانا ہوگی، عالمی منڈیوں میں مسابقت برقرار رکھنے اور بدلتی ہوئی بین الاقوامی تجارتی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے جدت، پیداواری صلاحیت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور مصنوعات میں اضافی قدر پیدا کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ملاقات میں برآمد کنندگان کو درپیش کاروباری مسائل، توانائی کی لاگت، مالی وسائل تک رسائی اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لئے سازگار کاروباری ماحول کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہی ہے ،برآمدات میں اضافے کے لئے صنعتی شعبے کے ساتھ مسلسل مشاورت اور رابطہ اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کاروباری اداروں بالخصوص ایس ایم ایز کے لئے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ برآمدی ویلیو چین میں ان کاروباروں کا کردار مضبوط بنانے سے برآمدی سرگرمیوں میں زیادہ کاروباری اداروں کی شرکت ممکن ہوگی اور مجموعی برآمدی شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔وفد کے ارکان نے عالمی تجارتی ماحول میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور پاکستان کی برآمدی صنعت کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی آرا ئ پیش کیں۔ انہوں نے سازگار کاروباری ماحول، مالی وسائل تک بہتر رسائی اور برآمدی شعبے کو مسلسل سہولت فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نئے مواقع سے استفادے کے لئے حکومت اور صنعتی شعبے کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔ وزیر خزانہ نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مسابقت بڑھانے، صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو وسعت دینے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون اہم کردار ادا کرے گا۔ وفد میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر، پی ٹی ای اے کے سابق چیئرمین و گروپ لیڈر خرم مختار، عارف احسان ملک، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ضیا عالم دار اور پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سہیل افضل شامل تھے۔ وفاقی سیکرٹری تجارت کے علاوہ وزارت خزانہ اور ٹیکس پالیسی آفس کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں