10 ہزار ملازمتوں سے بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوگا‘ پروفیسر حلیم صادق

کوئٹہ:عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دیرینہ مسائل کا حل صرف 10 ہزار ملازمتوں کے اعلان سے ممکن نہیں، کیونکہ صوبے میں ہر سال لاکھوں نوجوان مختلف تعلیمی اداروں سے تعلیم مکمل کرکے عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں، جنہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو محض اعلانات اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات، روزگار کے مساوی مواقع اور بہتر مستقبل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، یہاں گیس، معدنیات، ساحلی وسائل اور دیگر قدرتی ذخائر موجود ہیں، لیکن بدقسمتی سے صوبے کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بلوچستان کے وسائل کو صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد میں مقامی آبادی کو ترجیح دینا ضروری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم، صحت، روزگار، پینے کے صاف پانی، بجلی، گیس اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنائے بغیر ترقی کے دعوے مکمل نہیں ہوسکتے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مستقل مواقع پیدا کرے، فنی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ دے اور صوبے کے قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والی آمدنی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام خیرات نہیں بلکہ اپنے وسائل میں جائز حصہ، بنیادی انسانی سہولیات، تعلیم، صحت اور باعزت روزگار چاہتے ہیں۔ صوبے کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب یہاں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع ملیں اور بلوچستان کے وسائل کا حقیقی فائدہ یہاں کے عوام تک پہنچے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں