کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا ملک گیر لانگ مارچ عوام کے آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق کے لیے ایک مو¿ثر آواز ثابت ہوگا، تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام اپنے قائد عمران خان کے بیانیے اور جمہوری جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی اختلاف کو طاقت، مقدمات اور ایف آئی آرز کے ذریعے دبانے کی کوششیں مسائل کا حل نہیں بلکہ سیاسی بے چینی میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔ سید صادق آغا نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت کے خلاف مقدمات کا اندراج جمہوری روایات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ایک آئینی عہدے پر فائز ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی اقدام میں سیاسی انتقام کے بجائے قانون اور آئین کے تقاضوں کو مقدم رکھا جانا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ مخالف سیاسی آوازوں کو دبانے کے بجائے ان کے مو¿قف کو سنے اور قومی معاملات پر سنجیدہ سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ کسی ایک فرد یا جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، سیاسی آزادی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جمہوری جدوجہد کا حصہ ہے۔تحریک انصاف بلوچستان کے کارکنان ملک بھر میں ہونے والی اس جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور جمہوری و آئینی حق کے طور پر پرامن سیاسی سرگرمیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ پاکستان اس وقت متعدد سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے دوچار ہے، ایسے حالات میں سیاسی قوتوں کے درمیان تصادم کے بجائے افہام و تفہیم اور مذاکرات کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی مقدمات اور گرفتاریوں کے ذریعے ماحول کو مزید کشیدہ کرنے کے بجائے تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے کر ملک کو سیاسی استحکام کی طرف لے جایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے سیاسی شعور اور جمہوری حق کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا، حکومت کو عوامی آواز کا احترام کرنا ہوگا۔
27 ستمبر کا لانگ مارچ حکمرانوں کے خلاف عوامی ردعمل ہوگا، سید صادق آغا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل