لیڈی میڈیکل آفیسران اور فی میل اسٹاف نرسز کی خالی آسامیوں پر انٹرویوز

نصیرآباد(خ ن)نصیرآباد ڈویژن میں محکمہ صحت کی افرادی قوت کو مزید مستحکم کرنے کےلیے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کے احکامات کی روشنی میں بھرتی کے عمل کے دوسرے مرحلے میں لیڈی میڈیکل آفیسران اور فی میل اسٹاف نرسز کی خالی آسامیوں پر امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ڈویڑنل ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین و کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی نگرانی میں ہونے والے اس عمل کے دوران لیڈی میڈیکل آفیسران کی 19 جبکہ فی میل اسٹاف نرسز کی 4 خالی آسامیوں کے لیے امیدواروں کے تعلیمی اسناد، تجربہ اور دیگر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔کمیٹی اراکین نے امیدواروں سے مختلف سوالات بھی کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اہلیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ داﺅد خان کانسی، ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی سمیت ڈویژنل ہیلتھ کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ محکمہ صحت میں خالی آسامیوں پر میرٹ اور شفافیت کے ساتھ بھرتی کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد طبی مراکز میں دستیاب افرادی قوت کو بہتر بنانا اور عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے طبی خدمات کی فراہمی میں لیڈی میڈیکل آفیسران اور فی میل اسٹاف نرسز کا کردار انتہائی اہم ہے،ان آسامیوں پر تقرری سے خصوصاً خواتین اور بچوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں