گوادر،میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول کا با افتتاح

گوادر(خ ن)گوادر میں نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے، کھیلوں کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے درمیان صحت مند و مثبت مسابقت کے ماحول کو پروان چڑھانے کے لیے میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول گوادر 2026 کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح کردیا گیا۔ فیسٹیول کا افتتاح ڈائریکٹر ایجوکیشنل اسکولز منیر احمد نودیزئی نے کیا میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس فیسٹیول گوادر کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس اسپورٹس فیسٹیول کو محکمہ تعلیم گوادر، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن گوادر، ادارہ ترقیات گوادر اور دیگر متعلقہ اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے افتتاحی تقریب میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس کے چیرمین میرارشد کلمتی سمیت مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کو طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی و تعلیمی ٹیبلو، پریڈ، مارچ پاسٹ، رسا کشی کے مقابلوں اور اسکول اسکاوٹنگ کے خصوصی مظاہرے سے یادگار بنا دیا اس موقع پر گوثری ہائی اسکول اور نیوٹاو¿ن گرائمر ہائی اسکول کے درمیان سنسنی خیز فٹبال میچ بھی کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔ میچ میں کمنٹری کے فرائض غفار رحمان اور احسام قاضی نے انجام دیے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایجوکیشنل اسکولز منیر احمد نودیزئی اور میر کلمتی انٹر ایجوکیشنل اسپورٹس کے چیئرمین میر ارشد کلمتی نے کہا کہ فیسٹیول کا مقصد محض کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہیں بلکہ گوادر کی نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی (Gen-Z) کو مثبت، صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول کی سطح پر کھیلوں کے مضبوط کلچر کو فروغ دے کر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ملک و صوبے کا نام روشن کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر اور مکران کے کھیلوں کے میدانوں نے ماضی میں بھی باصلاحیت اور نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں، جنہوں نے قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ موجودہ تعلیمی و اسپورٹس پالیسی کا بنیادی مقصد اسی ٹیلنٹ کو بروقت نکھار کر نوجوانوں کو ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں