جیکب آباد، ‘ایک شجر، ایک بشر’ مہم کا آغاز، ڈسٹرکٹ بار میں شجرکاری

جیکب آباد(رپورٹ انیس جکھرانی)جیکب آباد میں تاج ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام گرین اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے “ایک شجر، ایک بشر” مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جیکب آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تاج ویلفیئر کے چیئرمین احمد نواز رند نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پودا لگا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں وکلا برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ مظفر حسین رند، ایڈووکیٹ کامران علی پیچوہو، ایڈووکیٹ سید غلام حسین شاہ اور ایڈووکیٹ وحید علی واگو سمیت دیگر معزز وکلا بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین احمد نواز رند اور وکلا رہنماو¿ں کا کہنا تھا کہ جیکب آباد کا شمار ایشیا کے شدید گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر آج ہم نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت نہ لگائے تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔وکلا برادری اور تنظیم کے رہنماو¿ں نے منتخب عوامی نمائندوں اور محکمہ جنگلات (فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ) سے پرزور اپیل کی کہ شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر شجرکاری مہم چلائی جائے، تاکہ شہریوں کو شدید گرمی کی لہر اور موسمیاتی تبدیلیوں (کلائمیٹ چینج) کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں