6 ستمبر 1965ءہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے ، عبدالحفیظ جکھرانی

ہرنائی(خ ن) یومِ دفاعِ پاکستان کے تاریخی اور پروقار موقع پر پولیس اسٹیشن سٹی ہرنائی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 6 ستمبر 1965ءکے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا مقصد پاکستان مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ان کے ناقابلِ فراموش کردار کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ہرنائی انجینئر عبدالحفیظ جکھرانی نے 6 ستمبر کی تاریخی اہمیت اور افواجِ پاکستان کے شاندار کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ءہماری قومی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہے جب ہماری مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شجاعت اور بسالت کی نئی داستانیں رقم کیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ آج ہم جس آزاد، خودمختار اور باوقار فضامیں سانس لے رہے ہیں، یہ ان تمام شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک و ملت کا دفاع ممکن بنایا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور مسلح افواج کے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے بالخصوص دعا کی گئی۔ مقررین اور شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعِ وطن کی خاطر ہرنائی پولیس اور عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی بقا و سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں