اُستامحمد(خ ن) ڈپٹی کمشنر اُستامحمد محمد رمضان پلال کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن اُستامحمد عمران احمد لاشاری نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں قائم کھاد Fertilizer اور پیسٹی سائیڈ Pesticide ڈیلرز کی دکانوں کا اچانک اور تفصیلی معائنہ کیا اس موقع پر انہوں نے مختلف زرعی ادویات و کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز کے کاروباری مراکز کا دورہ کرکے وہاں موجود اسٹاک قانونی دستاویزات لائسنس رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔معائنے کے دوران تمام رجسٹرڈ ڈیلرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ زرعی ادویات اور کھاد کی خرید و فروخت کے سلسلے میں حکومتی قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور صرف حکومت بلوچستان سے رجسٹرڈ و منظور شدہ کمپنیوں کی زرعی ادویات اور کھاد کی خرید و فروخت کریں انہیں سختی سے تنبیہ کی گئی کہ کسی بھی غیر رجسٹرڈ غیر قانونی یا مشکوک کمپنی کی مصنوعات نہ خریدیں اور نہ ہی انہیں کسانوں کو فروخت کیا جائے کیونکہ غیر معیاری اور جعلی زرعی ادویات و کھاد کے استعمال سے نہ صرف کسانوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ فصلوں کی پیداوار اور معیار بھی متاثر ہوتا ہے ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن نے موقع پر موجود ڈیلرز کے لیجر Ledger خرید و فروخت کا ریکارڈ انوائسز Invoices اسٹاک رجسٹر اور دیگر متعلقہ دستاویزات بھی چیک کیے۔ انہوں نے ڈیلرز کو ہدایت کی کہ تمام زرعی ادویات و کھاد کے اسٹاک کی مکمل تفصیلات خریداری کی انوائسز اور لیجرز میں درج ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ اور دستخط شدہ حالت میں محفوظ رکھا جائے تاکہ محکمہ زراعت کی جانب سے کسی بھی وقت معائنے کے دوران تمام ضروری دستاویزی ثبوت دستیاب ہوں۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی غیر قانونی کاروبار غیر رجسٹرڈ کمپنی کی مصنوعات کی خرید و فروخت یا ریکارڈ میں تضاد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ڈیلرز کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں محکمہ زراعت کی جانب سے زرعی ادویات و کھاد کے معیار اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مو¿ثر بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ان اچانک معائنوں کا بنیادی مقصد ضلع اُستامحمد کے کسانوں کو معیاری اصل اور رجسٹرڈ زرعی ادویات و کھاد کی فراہمی یقینی بنانا غیر معیاری و جعلی مصنوعات کی حوصلہ شکنی کرنا اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے زرعی شعبے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مکمل سدباب کرنا ہے۔انہوں نے ڈیلرز پر زور دیا کہ وہ کسانوں کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور زرعی ادویات و کھاد کی خرید و فروخت میں تمام قانونی تقاضوں اور محکمہ زراعت کے مقررہ اصول و ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن اُستامحمد عمران احمد لاشاری کا کھاد اور پیسٹی سائیڈ ڈیلرز کی دکانوں کا اچانک دورہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل