سیوی(نامہ نگار)جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول سیوی میں رنگا رنگ اور شاندار تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا اختتامی تقریب گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سیوی میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اسپورٹس سیوی رحیم بخش جوئیہ تھے۔ تقریب کے دوران فٹبال اور کبڈی کے شاندار اور سنسنی خیز فائنل مقابلے منعقد ہوئے جنہیں دیکھنے کے لیے شائقینِ کھیل کی بڑی تعداد گراو¿نڈ میں موجود تھی تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی اور صوبائی وزیر کھیل محترمہ مینا مجید کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسپورٹس سیوی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا جس کا آج شاندار اختتام ہوا اختتامی روز فٹبال ایسوسی ایشن سیوی کے زیر اہتمام حاجی منیر رند کی سربراہی میں ڈی ایف اے کمبائن تلی خجک اور ڈی ایف اے بلیو کے درمیان فٹبال کا فائنل کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم ڈی ایف اے بلیو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ دو گول کے واضح فرق سے اپنے نام کرلیا اور چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا دوسری جانب کبڈی ایسوسی ایشن سیوی کے صدر قادر بخش لونی کی سربراہی میں کبڈی کا فائنل مقابلہ پیر سخی سید سالم شاہ کلب اور تلی کلب کے درمیان کھیلا گیا دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست اور کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا، کھلاڑیوں نے بھرپور طاقت، مہارت اور جوش کا مظاہرہ کیا، تاہم فائنل کا سہرا پیر سخی سید سالم شاہ کلب کے سر رہا، جس نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی فٹبال اور کبڈی کے فائنل مقابلوں کے دوران گراو¿نڈ میں موجود شائقین نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور بہترین کھیل پر تالیاں بجا کر داد دی۔ اختتامی تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سیوی بابر علی سیلاچی،سینئر کلرک محمد قیوم جمالی، ماسٹر عبدالنبی، حاجی صدیق لونی، اسد سیلاچی سمیت محکمہ اسپورٹس کے اہلکاروں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، کھلاڑیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر کھلاڑیوں اور شائقینِ کھیل نے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، صوبائی وزیر کھیل محترمہ مینا مجید، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسپورٹس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ اور ذاتی دلچسپی کے باعث سیوی کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع میسر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے ساتھ ساتھ صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اسپورٹس سیوی رحیم بخش جوئیہ نے تمام کھلاڑیوں، منتظمین، شائقینِ کھیل اور اہلِ وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں نظم و ضبط، برداشت اور مقابلے کا جذبہ پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی سیوی میں کھیلوں کے مزید مقابلوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی اور دیگر معززین نے مختلف کھیلوں کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں اور ٹیموں میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کیے اس موقع پر کامیاب کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جبکہ شائقین نے فاتح ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ یوں جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول سیوی میں کھیل، جوش، جذبے اور قومی یکجہتی کی خوبصورت یادیں چھوڑتے ہوئے اختتام پذیر ہوگیا
سیوی ،جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول شاندار تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل