سیوی(خ ن)ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید، اسسٹنٹ کمشنر ملک بہادر خان بنگلزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک سمیت تمام محکموں کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں و افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات اور شہری مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ بلوچستان سپشل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے فیز ون اور ٹو کی تکمیل کے بعد فیز تھری پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اگر کسی شہری یا متعلقہ فریق کو کوئی شکایت یا تجویز ہو تو وہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فورم پر پیش کرے تاکہ مسائل کا بروقت ازالہ اور منصوبوں پر شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرد موسم کے باعث ان دنوں سیوی میں آبادی اور لوگوں کی آمدورفت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مختلف سرد علاقوں اور دیگر اضلاع سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں منتقل ہوئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات اور مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ باہر سے آنے والے ہر فرد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس یا ڈپٹی کمشنر آفس کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے باہر سے آئے ہوئے مزدوروں اور دیگر عملے کے شناختی کارڈز کی تصدیق اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد ان کا مستند ڈیٹا مرتب کرکے ایس ایس پی آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروایا جائے۔ اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی، خالی گھروں اور عمارتوں کی چیکنگ اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی موجودگی سے متعلق معلومات متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں سیوی بازار اور الہ آباد روڈ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا باعث بننے والی تجاوزات کے خلاف آئندہ ہفتے سے باقاعدہ کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ بازار اور اہم شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کرکے ٹریفک کی روانی اور شہری سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے، مؤثر حکمت عملی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
باہر سے آنے والے ہر فرد کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے، الیاس کبزئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل