جعفرآباد(خ ن)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے فلاحی اداروں کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار میں منعقدہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا،اس موقع پر انہوں نے ایک آنکھوں سے متاثرہ خاتون کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں سیاسی و قبائلی رہنما میر مٹھا خان بادینی، محکمہ صحت کے افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے فری آئی میڈیکل کیمپ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور منتظمین سے کیمپ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کے معائنے، آنکھوں کے امراض کی تشخیص اور مفت تقسیم کی جانے والی ادویات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ فلاحی اداروں کی جانب سے مستحق اور غریب مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، ایسے فری میڈیکل کیمپس سے ان افراد کو خصوصی فائدہ پہنچتا ہے جو مہنگے علاج اور ادویات کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنا نہایت ضروری ہے، فلاحی اداروں اور محکمہ صحت کے باہمی تعاون سے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کی خدمات کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ اللہ یار میں منعقدہ فری آئی میڈیکل کیمپ کا افتتاح
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل