بسیمہ(نامہ نگار)ملک بھر کی طرح بسیمہ کے جوڈیشل کمپلیکس میں بھی پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران قومی پرچم لہرایا گیا، قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ وطنِ عزیز کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں سول و عسکری قیادت کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں تحصیل بسیمہ کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، قومی ترانے اور ٹیبلو پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ بچوں کی شاندار پرفارمنس نے تقریب کو حب الوطنی کے رنگوں سے بھر دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر 328 بریگیڈ، بریگیڈیئر حسین مسعود نے کہا کہ پاکستان دنیا کا پہلا اسلامی نظریاتی ملک ہے جو اسلام کے نام پر وجود میں آیا، اور دنیا کی کوئی طاقت اس کی سالمیت کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ بی ایس ڈی آئی منصوبے کے تحت بسیمہ شہر کی سڑکوں کو ڈبل کیا گیا، اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں اور گرین چوک کو جدید انداز میں تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسیمہ میں جدید آئی ٹی سینٹر قائم کیا جا چکا ہے، جہاں جلد کلاسز کا آغاز ہوگا، جبکہ ہر بیچ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طالب علم کو بطور انعام لیپ ٹاپ دیا جائے گا۔بریگیڈیئر حسین مسعود نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی، امن و استحکام اور بلوچستان کی خوشحالی کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔بعد ازاں جوڈیشل کمپلیکس سے مین چوک تک یومِ آزادی ریلی نکالی گئی، جس میں پاک فوج، سول انتظامیہ، طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکائ نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ ”پاکستان زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد“ کے فلک شگاف نعروں سے بسیمہ کی فضا گونجتی رہی۔ریلی مین چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں پاکستان کی ترقی، استحکام اور شہدائ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
بسیمہ میں یوم آزادی پاکستان انتہائی جوش جذبے سے منایا گیا
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل