گنداخہ (نورحسن جمالی) کھیرتھر کینال سے نکلنے والی ذیلی نہروں میں پانی کی شدید کمی اور تحصیل گنداخہ کے مختلف علاقوں کے ٹیلوں تک پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) تحصیل گنداخہ کے امیر مولانا امان اللہ حقانی کی نگرانی میں گنداخہ پریس کلب چوک پر احتجاجی کیمپ قائم کردیا گیا۔ احتجاجی کیمپ میں جے یو آئی کے کارکنان، زمینداروں، کاشتکاروں اور متاثرہ علاقوں کے شہریوں نے شرکت کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار ماہ سے تحصیل گنداخہ کی مختلف نہروں، شاخوں اور مائنروں کے ٹیلوں میں پانی کی شدید قلت ہے، جس کے باعث صورتحال اس قدر سنگین ہوچکی ہے کہ کئی علاقوں میں انسانوں اور مویشیوں کے لیے پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔ پانی کی عدم فراہمی سے زرعی زمینیں متاثر، فصلیں تباہ اور کاشتکار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
احتجاجی شرکائ کا کہنا تھا کہ کھیرتھر کینال سے نکلنے والی گنداخہ شاخ سمیت دیگر ذیلی نہروں کے ٹیل علاقوں کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ پانی کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے کے باعث ٹیل کے آبادگار شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں لوگ دور دراز مقامات سے پینے کا پانی لانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو معاشی نقصان کا سامنا ہے۔ اگر صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا گیا تو نہ صرف زراعت بلکہ انسانی و حیوانی زندگی بھی مزید مشکلات سے دوچار ہوسکتی ہے۔مظاہرین نے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تحصیل گنداخہ کی تمام نہروں اور ذیلی شاخوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ٹیلوں تک پانی پہنچایا جائے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
گنداخہ۔ ذیلی نہروں میں پانی کی شدید کمی کے خلاف جے یو آئی کا احتجاجی کیمپ قائم