دکی(خ ن)ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ویکسینیشن اور بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے ڈی ایچ او آفس دکی میں ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کے بعد آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔ سیمینار اور ریلی میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور محکمہ صحت کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈی ایچ او کے فوکل پرسن ڈاکٹر محمد عزیز نے شرکاءکو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مہم کے اغراض و مقاصد، ویکسینیشن کے طریقہ کار اور بچوں و خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر دکی ڈاکٹر بہادر خان لونی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 سے 19 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم کے دوران بچوں اور خواتین کی صحت کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو ڈی ورمنگ کی گولیاں دی جائیں گی، جبکہ پیدائش سے لے کر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کی حفاظتی ویکسینیشن کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 14 سے 49 سال تک کی خواتین کو بھی حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی، جبکہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں (ڈیفالٹر بچوں) کو بھی تلاش کرکے ان کی ویکسینیشن مکمل کی جائے گی۔ڈاکٹر بہادر خان لونی نے کہا کہ “صحت مند بچہ، خوشحال خاندان اور مضبوط پاکستان” ہمارا مقصد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پیدائش سے 5 سال تک تمام حفاظتی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن نہ صرف ایک صحت مند نسل کی ضمانت ہے بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کو محفوظ بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔محکمہ صحت دکی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی کہ مہم کے دوران صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، اپنے بچوں کو حفاظتی ویکسین ضرور لگوائیں اور “صحت مند بچہ، مضبوط پاکستان” کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
“صحت مند بچہ، خوشحال خاندان اور مضبوط پاکستان” ہمارا مقصد ہے، ڈاکٹربہادرلونی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل