عوام کے حقیقی مسائل کا حل ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا موثر راستہ ہے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ: جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے بیان میں کہا ہے کہ ملک بالخصوص بلوچستان کے موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ سیاسی جماعتیں اور تمام طبقات سیاسی برداشت، تحمل اور شائستگی کو فروغ دیں کیونکہ سیاست میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام کا فقدان ہی معاشرے میں مزید مسائل، انتشار اور نفرت کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون بلوچستان قبائل اور اقوام کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش ہو یا بین الصوبائی سطح پر لسانیت اور تعصب کو ہوا دینے کا عمل جمعیت ہر قسم کی نفرت، تفریق اور تعصب کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے گی۔ بلوچستان مختلف قبائل، اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور تمام قبائل و اقوام کا احترام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمارا سب سے مضبوط رشتہ اسلام اور پاکستان کا رشتہ ہے، جس کے تحت تمام شہری برابر اور قابل احترام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں مختلف کردار سامنے آتے رہے ہیں جو اپنے مفادات کے لئے نفرت، منافرت اور باہمی خلیج کو ہوا دیتے رہے ہیں تاہم وقت کا تقاضا ہے کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے اور مسائل کو مزید پیچیدہ بنانے کی بجائے ان کے حل کے لئے سنجیدہ، مستقل اور نتیجہ خیز کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت صرف بدامنی اور سیاسی غیر یقینی کا شکار نہیں بلکہ معاشی مشکلات بھی غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہیں، عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی مسائل سے دوچار ہیں، جبکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، روزگار، تجارت، تعلیم اور ترقی کے مسائل بھی فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔ ایسے حالات میں محاذ آرائی، الزام تراشی اور نفرت کی سیاست کی بجائے تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد میں ایک متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، سیاسی مکالمہ اور عوام کے حقیقی مسائل کا حل ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا موثر راستہ ہے۔ درایں اثناءسینیٹر مولانا عبدالواسع اور مولانا محمود شاہ نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں