بلوچستان میں گندم کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ،سرکاری گوداموں میں گندم کا ذخیرہ ختم

کوئٹہ: بلوچستان میں گندم کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا ہے اور سرکاری گوداموں میں گندم کا ذخیرہ ختم ہونے کے باعث آئندہ دنوں میں صوبے کو گندم کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ محکمہ اجناس کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 5 لاکھ بوری گندم کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، تاہم اس وقت سرکاری گوداموں میں گندم کی ایک بوری بھی موجود نہیں۔ محکمہ اجناس کے حکام کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کی منظوری تو دے دی گئی ہے لیکن تاحال محکمہ خزانہ کی جانب سے مطلوبہ فنڈز جاری نہیں کیے گئے، جس کے باعث گندم کی خریداری کا عمل شروع نہیں ہوسکا۔ حکام کے مطابق گندم کی بروقت خریداری نہ ہونے کی صورت میں صوبے میں گندم کے ذخیرے اور فراہمی کا مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی گندم کی خریداری کے لیے فنڈز دستیاب ہوں گے، پاسکو سے گندم کی خریداری کو حتمی شکل دے دی جائے گی اور اس کے بعد گندم صوبے کے مختلف سرکاری گوداموں تک منتقل کی جائے گی۔ محکمہ اجناس کے مطابق پاسکو سے گندم کی خریداری، ترسیل اور مقامی گوداموں میں ذخیرہ کرنے کے عمل میں تقریباً ایک ماہ کا وقت درکار ہوگا، جس کے باعث گندم کی خریداری کے عمل میں مزید تاخیر صوبے میں ممکنہ بحران کے خدشات کو بڑھا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں