تربت ((پ ر) جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف گریجویٹ اسٹڈیز کے زیراہتمام ویڈیو کانفرنس روم میں “گریجویٹ قواعد و ضوابط اور موثر ریسرچ پروپوزلزکی تیاری” کے عنوان سے ایک کامیاب ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کا مقصد اسکالرز کو تحقیقی و تعلیمی میدان میں درکار بنیادی مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔ ورکشاپ میں جامعہ تربت کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز نے شرکت کی، جنہیں ریسرچ پروپوزل کی تیاری، گریجویٹ رولز اور تھیسس جمع کرانے کے طریقہ کار سے متعلق جامع رہنمائی فراہم کی گئی۔ورکشاپ کے دوران دو نمایاں سیشنز کا انعقاد ہوا، جن کی میزبانی شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے چیئرمین ڈاکٹر غلام جان اور گریجویٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم برکت نے کی۔ ڈاکٹر غلام جان نے اپنے سیشن میں موثر تحقیقی پروپوزل لکھنے کے طریقہ کار، ساخت اور بنیادی ضروریات کے بارے میں شرکائ کو رہنمائی فراہم کی، جبکہ ڈاکٹر وسیم برکت نے اپنے سیشن کے دوران جامعہ تربت کے گریجویٹ رولز اینڈ ریگولیشنز پر ایک جامع اور معلوماتی بریفنگ دی۔جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق، وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن نے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی تحقیقی صلاحیت کو مزید نکھارنے کے لیے ایک بروقت اور اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ تربت گریجویٹ اسکالرز کو تحقیقی رہنمائی فراہم کرنے اور ان کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، تاکہ وہ بین الاقوامی معیار کی تحقیق کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات جامعہ تربت کے اسٹریٹجک پلان 2030 کا حصہ ہیں، جس کا بنیادی مقصد جامعہ تربت میں قومی ترجیحات پر مبنی معیاری تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور یونیورسٹی کو صفِ اول کی جامعات میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے اس کامیاب ورکشاپ کو جامعہ تربت کے اسکالرز میں تحقیقی شعور بیدار کرنے اور معیاری تحقیق کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق، اس وقت جامعہ میں تقریباً 64 گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ پروگراموں میں داخلے جاری ہیں۔ نوجوانوں کے لیےیہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ ان معیاری اور جدید دور کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیمی پروگراموں میں داخلہ لے کر اپنے روشن اور کامیابمستقبل کی بنیاد رکھیں۔
جامعہ تربت کا معیاری تحقیق کی جانب اہم پیشرفت
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل