ڈپٹی کمشنر سے بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید کی ملاقات

کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے ملاقات کی، ملاقات میں RISE (Resilience, Integration and Socio-Economic Empowerment) پروگرام کے مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر RISE پروگرام جو حکومتِ بلوچستان کا ایک اہم اقدام ہے، کے تحت انٹرپرائز ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، سماجی ہم آہنگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں لچک کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پروگرام کے تحت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں جاری اور مجوزہ سرگرمیوں، نوجوانوں کی ترقی، روزگار و کاروباری مواقع کے فروغ، سماجی شمولیت اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، معاشی مواقع پیدا کرنے، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے لیے ایسے پروگرامز اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مثبت اور تعمیری اقدامات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں