حب(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان میر علی حسن زہری نے بلوچستان اسمبلی کے 31 اگست کے اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کی جانب سے دیے گئے بیان پر واضح اور دوٹوک مو¿قف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ بیان ان کی ذاتی رائے ہے اورپاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسی، مو¿قف یا پارٹی قیادت کی ہدایات کی عکاسی نہیں کرتا اور اسے کسی صورت پیپلز پارٹی بلوچستان کا موقف قرار نہیں دیا جا سکتا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ میر محمد صادق عمرانی کی جانب سے اسمبلی کے فلور پر دیا گیا مذکورہ بیان ان کی ذاتی رائے اور ذاتی حیثیت میں دیا گیا بیان ہے، جس سے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چند روز قبل بھی ذاتی حیثیت میں اس بیان پر افسوس اور مذمت کا اظہار کر چکے ہیں، تاہم اب پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان کی حیثیت سے یہ واضح کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ پارٹی اس بیان کی نہ حمایت کرتی ہے اور نہ اسے اپنا سیاسی مو¿قف تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک جمہوری، وفاقی اور آئین پسند سیاسی جماعت ہے جو ہمیشہ پارلیمان، آئین، جمہوری اقدار اور ریاستی اداروں کے احترام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے کسی بھی موقع پر ایسی کوئی ہدایت یا پالیسی جاری نہیں کی گئی کہ ریاستی اداروں، حکومتی فورمز یا ملک کے کسی ذمہ دار ادارے کے خلاف اس نوعیت کا مو¿قف اختیار کیا جائے۔ اس لیے کسی فرد کی ذاتی رائے کو پوری جماعت کے کھاتے میں ڈالنا درست نہیں ہوگا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان آج امن، ترقی، معاشی استحکام، روزگار، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات سمیت متعدد اہم چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اختلافات کو محاذ آرائی میں تبدیل کرنے کے بجائے مکالمے، مفاہمت، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کرنے میں نہیں بلکہ تمام متعلقہ اداروں، سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، قبائلی عمائدین اور عوام کو ساتھ لے کر چلنے میں ہے۔
صادق عمرانی کا بیان پیپلز پارٹی کا موقف نہیں، ذاتی رائے ہے۔میر علی حسن زہری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل