چمن: گورنمنٹ پرائمری سکول مدرسہ بحرالعلوم میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

چمن (نامہ نگار) گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول مدرسہ عربیہ بحرالعلوم جامع مسجد نور محلہ شیخ الحدیث حضرت مولانا فتح محمد چمنی مرحوم گھوڑا ہسپتال روڈ چمن میں یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں ایک عظیم الشان، پروقار اور فقیدالمثال تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے اساتذہ کرام، تعلیمی کمیٹی پی ٹی ایس ایم سی کے عہدیداران اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز طالب علم زبیر احمد نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جس کے بعد طلبہ نے نعتِ رسولِ مقبول ? اور ملی و قومی جذبات پر مبنی مختلف پروگرامز پیش کیے۔ طلبہ نے اپنی تقاریر کے ذریعے پاکستان کی آزادی کی اہمیت، قیامِ پاکستان کے مقاصد اور وطنِ عزیز کے لیے قربانیوں کو اجاگر کیا، جسے شرکائ نے بے حد سراہا۔ تقریب سے مدرسہ عربیہ بحرالعلوم چمن کے مدیر اور ممبر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان حافظ محمد صدیق مدنی، تعلیمی کمیٹی پی ٹی ایس ایم سی کے چیئرمین عبیداللہ کاکوزئی، جنرل سیکرٹری عبدالعلی اور طلبہ کرام زبیر احمد ، نثار احمد ، بی بی ملکہ، حمزہ خان اچکزئی، محمد یاسین ، بی بی عمیرہ اچکزئی ، محمد عباس اور دیگر طلبہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی پاکستان ہمارے لیے محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے، وطن سے وفاداری کے عہد کی تجدید اور قومی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، اپنے گھر بار چھوڑے اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاکہ ایک آزاد اسلامی ریاست کا قیام عمل میں آئے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس آزادی کی قدر کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی کا راز تعلیم، اتحاد، نظم و ضبط، محنت اور کردار سازی میں پوشیدہ ہے۔ بالخصوص طلبہ اور نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ اگر ہماری نئی نسل علم، اخلاق، دیانت، خدمتِ خلق اور حب الوطنی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے تو پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنانے کا خواب حقیقت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ مقررین نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ذاتی، علاقائی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہوکر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کریں گے۔ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو علم، تربیت، اخلاق اور قومی شعور کے مراکز بنانا ہوگا کیونکہ ایک مضبوط اور باشعور نسل ہی ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ تقریب میں طلبہ نے پاکستان کے قومی پرچم سے محبت اور وطن سے وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں۔ اس موقع پر اساتذہ کرام نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے پروگرامز کا مقصد بچوں میں قومی شعور، حب الوطنی اور پاکستان کے ساتھ وفاداری کے جذبات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور عوام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، تعلیم کے فروغ اور معاشرے کی اصلاح کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے آخر میں شرکائ کو بریانی پارٹی بھی دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں