سیوی(خ ن)کمشنر سیوی ڈویژن اسداللہ فیض نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے ذریعے میرٹ پر منتخب ہونے والے 9 نئے نائب تحصیلداروں میں تقرری کے احکامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، میرٹ، قانون کی بالادستی اور عوامی خدمت کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا شعار بنائیں۔ کمشنر سیوی ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نائب تحصیلدار ریونیو انتظامیہ کا بنیادی ستون ہیں اور ان پر عوام کے جان و مال کے تحفظ، زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی، ریونیو امور اور انصاف کی بروقت فراہمی جیسی اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے افسران جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، شفافیت کو فروغ دیں اور عوام کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوان اور باصلاحیت افسران کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ایک مو¿ثر، جدید اور عوام دوست ریونیو نظام قائم کیا جا سکے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نئے تعینات ہونے والے نائب تحصیلداروں کو 16 ماہ پر مشتمل جامع پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ تربیتی پروگرام کے پہلے 6 ماہ میں پٹواری کے ساتھ عملی تربیت، جمعبندی، فرد، انتقال، گرداوری، فصلوں کے معائنہ، فیلڈ میپ، سرکاری اراضی کے تحفظ، ریونیو وصولی اور GIS-Based Land Information Management System (LIMS) کی عملی تربیت شامل ہوگی۔ اس کے بعد 4 ماہ ریونیو کورٹ میں عدالتی امور، اسسٹنٹ کلیکٹر کے فرائض اور سب رجسٹرار کے دفتر میں رجسٹریشن کے عملی مراحل سکھائے جائیں گے، جبکہ 2 ماہ قانونگو کی ذمہ داریوں، پٹوار سرکل کے انتظام اور سالانہ ریکارڈ کی تیاری کی تربیت دی جائے گی۔ مزید برآں 3 ماہ کی خصوصی تربیت مرکزِ سہولیات میں دی جائے گی جہاں ڈیجیٹل فرد، ڈیجیٹل انتقال، کیڈسٹرل میپس اور جدید لینڈ ریکارڈ سسٹم سے متعلق عملی مہارت فراہم کی جائے گی، جبکہ آخری ایک ماہ کوئٹہ میں بورڈ آف ریونیو کے زیر اہتمام ریونیو قوانین، AIT ایپلی کیشن اور MS Office Automation کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر کمشنر سیوی ڈویڑن اسداللہ فیض نے نئے افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کرکے عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے فروغ میں مو¿ثر کردار ادا کریں گے۔
نائب تحصیلدار ریونیو انتظامیہ کا بنیادی ستون ہیں، اسداللہ فیض
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل