قلعہ عبداللہ(خ ن)ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر قلعہ عبداللہ میں جشنِ آزادی پاکستان کی تقریبات کی تیاریوں اور مون سون بارشوں کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ سردار عبداللہ خان، ڈی سی سپرنٹنڈنٹ جعفر خان ترین، ڈی سی سپرنٹنڈنٹ محمد شفیق خان اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 14 اگست یومِ آزادی کی تقریبات کو قومی جذبے اور شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر قومی پرچم کشائی، سرکاری عمارتوں کی سجاوٹ، صفائی مہم، شجرکاری، تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگراموں، ریلیوں، قومی تقریبات اور عوامی آگاہی مہم کے انعقاد سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ یومِ آزادی قومی اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون اور مو¿ثر رابطے کے ذریعے تقریبات کو کامیاب بنایا جائے تاکہ عوام بھرپور انداز میں قومی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔اجلاس میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ممکنہ ہنگامی صورتحال، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی، نالوں کی صفائی، سڑکوں کی بحالی، ٹریفک کی روانی، ریسکیو اقدامات اور دیگر حفاظتی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اپنی مشینری، عملے اور ضروری وسائل کو ہمہ وقت تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مو¿ثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں ذمہ داری، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی اور بروقت ردِعمل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائیں گی، جبکہ مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت، تحفظ اور بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،منور حسین مگسی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل