گوادر، سونامی سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد

گوادر (خ ن)عالمی یومِ آگاہی سونامی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ کونسل (RCDC) کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول گوادر میں سونامی سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی سیشن منعقد کیاگیا سیشن میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن وہاب مجید، ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر RCDC عبداللہ عثمان اور ار سی ڈی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری نیاز ابراہیم نے طلبہ اور اساتذہ کو سونامی کے ممکنہ خطرات، قدرتی انتباہی علامات، بروقت انخلاء اور ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے ضروری حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا مقررین نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان کی ساحلی پٹی پر آباد آبادیوں کے لیے سونامی سے متعلق شعور و آگاہی ناگزیر ہے سمندر کے اندر زلزلے کے جھٹکوں کے بعد سطحِ آب میں غیر معمولی ہلچل اور ریل گاڑی یا جیٹ طیارے جیسی تیز گڑگڑاہٹ کی آواز سونامی کی ممکنہ قدرتی انتباہی علامات میں شامل ہیں۔ ایسی علامات محسوس ہونے پر فوری طور پر محفوظ اور بلند مقامات کی جانب منتقل ہو جانا چاہیے اور سمندر کے پانی کا اچانک غیر معمولی طور پر پیچھے ہٹنا یا سمندر کی سطح میں غیر معمولی تبدیلی سونامی کی ممکنہ قدرتی علامات ہیں۔ ایسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں کسی سرکاری اعلان کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر ساحل سے دور اور بلند محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا چاہیے۔سیشن میں شرکاء کو بتایا گیا کہ سونامی کی صورت میں محفوظ انخلاء کے راستوں کی پیشگی نشاندہی، ہنگامی منصوبہ بندی، خاندان کے افراد کے لیے رابطے کا طریقہ کار، ضروری سامان کی تیاری اور سرکاری ہدایات پر عمل درآمد انسانی جانوں کے تحفظ میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ سونامی کی لہروں کے دوران ساحل، بندرگاہوں اور ساحلی نشیبی علاقوں سے دور رہنا اور خطرہ مکمل طور پر ختم ہونے تک محفوظ مقام پر قیام کرنا ضروری ہے مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کے آگاہی پروگراموں کا انعقاد طلبہ اور اساتذہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ یہ شعور گھروں اور پوری ساحلی علاقوں کے لوگوں تک پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ سونامی سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے بروقت آگاہی، قدرتی انتباہی علامات کی پہچان اور فوری و منظم انخلاء بنیادی حفاظتی اقدامات ہیں، کیونکہ قدرتی آفات کے دوران بروقت فیصلہ اور درست اقدام قیمتی انسانی جانیں بچا سکتا ہے۔سیشن کے دوران شرکاء کو سونامی کے ممکنہ خطرات، قدرتی انتباہی علامات، حفاظتی تدابیر اور ہنگامی حالات میں محفوظ انخلاء سے متعلق معلوماتی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس کے ذریعے شرکاء کو سونامی سے بچاؤ کے عملی اقدامات اور انسانی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے مؤثر آگاہی فراہم کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں