سیوی (نامہ نگار) ضلعی امیر جمعیت علماءاسلام سیوی مولانا محمد ادریس رند نے کہا ہے کہ قائد جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ کی ڈرون کیمرے کے ذریعے تصاویر بنانے کے عمل کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کسی بھی سیاسی و مذہبی رہنماکی نجی رہائش گاہ کی اس طرح نگرانی کرنا اور تصاویر بنانا غیر شرعی، غیر اسلامی اور غیر اخلاقی عمل ہے، جس کی کسی بھی مہذب معاشرے میں اجازت نہیں دی جاسکتی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءاسلام کے ضلعی دفتر چاکر روڈ سیوی میں ضلعی و تحصیل عہدیداران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماءاسلام کے ضلعی سرپرست اعلیٰ مولانا عطاءاللہ، جنرل سیکریٹری مولانا یحییٰ، ضلعی نائب امیر مولانا عبدالغفار، ضلعی ناظم مالیات مولانا محمد اسلم مستوئی، ضلعی سرپرست حاجی محمد ایوب کھیتران، تحصیل ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا خادم حسین سیانچ، تحصیل فنانس سیکریٹری مولانا عبدالکریم، عبدالحییٰ، مولانا ظفر علی اور حافظ محمد حسن بھی موجود تھے مولانا محمد ادریس رند نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے جو سوالات اٹھائے ہیں وہ نہایت اہم، جائز اور عوامی مفاد سے تعلق رکھتے ہیں، مگر افسوس کہ حکومت کے پاس ان سوالات کا کوئی تسلی بخش جواب موجود نہیں ان سوالات کا جواب دینے کے بجائے مختلف حیلے بہانوں سے قائد جمعیت کو بے جا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، جو جمہوری روایات اور سیاسی اخلاقیات کے منافی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام سیوی اپنے قائد مولانا فضل الرحمن کے خلاف ہونے والی ایسی تمام غیر اخلاقی حرکات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی بھی سیاسی و مذہبی شخصیت کی ذاتی زندگی اور نجی رہائش گاہ کے تقدس کا احترام ہر صورت ضروری ہے۔ اختلافِ رائے کو ذاتیات اور غیر اخلاقی اقدامات تک لے جانا کسی بھی طور مناسب نہیںملک کے وسائل عوام کی امانت ہیں، ان کا تحفظ اور درست استعمال حکمرانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے مولانا محمد ادریس رند نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام ہمیشہ آئین، قانون، جمہوری اقدار، اسلامی تعلیمات اور عوامی حقوق کی بالادستی کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کے مفادات کے تحفظ، ملکی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔مولانا محمد ادریس رند نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ جمعیت علماءاسلام سیوی اپنے قائد کی حفاظت اور ملک کی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ملک کے وسائل عوام کی امانت ، مولانا محمد ادریس رند
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل