ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کرینگے، بوستان خان چانڈیو

نصیرآباد(خ ن)ایگزیکٹو انجینئر مواصلات و تعمیرات روڈز نصیرآباد بوستان خان چانڈیو نے کہا ہے کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کو پی سی ون کے مطابق معیاری انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پختہ اور معیاری تعمیراتی عمل نہ صرف عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے بلکہ اس سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کا مورال بھی وابستہ ہے، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ضلع نصیرآباد میں حکومتی وڑن کے مطابق عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ جاری ترقیاتی منصوبے دیرپا اور عوام کے لیے سودمند ثابت ہوں، تمام انجینئرز فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور ترقیاتی کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد انجینئرز اور اسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سب ڈویڑنل افسران نادر علی پہنور، ندیم احمد سولنگی، احسان علی کھوسہ، سجاد علی عمرانی، عابد علی پہنور، بابو رحیم داد بنگلزئی اور بابو برکت عمرانی بھی موجود تھے، انجینئرز نے ایگزیکٹو انجینئر کو ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر بوستان خان چانڈیو نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام افسران و اہلکار اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں