بلوچستان‘ قومی شاہراہوں پر36حادثات‘ ایک شخص جاں بحق ہوا

کوئٹہ: میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹرز 1122بلوچستان کی جانب سے جاری روزانہ کی حادثاتی رپورٹ کے مطابق 30اکتوبر کو صوبے کی مختلف قومی شاہراہوں پر مجموعی طور پر 36ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں ایمرجنسی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 48زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جبکہ ایک شخص کے جاں بحق ہونے کا ریکارڈ درج کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات و زخمی ٹراما سینٹر ژوب 15حادثات، 15زخمی،ٹراما سینٹر خضدار 12حادثات، 15زخمی کی حدود میں رپورٹ ہوئے جبکہ گوکرت کچھی میں 2حادثات کے نتیجے میں 6افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اس کے علاوہ کیٹل فارم جعفرآباد، زیارت کراس پشین اور رکھنی بارکھان میں 2، 2 حادثات میں بالترتیب 4، 4اور 2افراد زخمی ہوئے، نیز تیارو لسبیلہ میں ایک حادثے کے دوران 2 زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ ترجمان کے مطابق لکپاس، قلات، چمن، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، تربت، گوادر اور نوشکی سمیت دیگر 26ایم ای آر سی مراکزی حدود میں صورتحال مکمل طور پر محفوظ رہی اور کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، جبکہ ریسکیو حکام نے ڈرائیوروں کو شاہراہوں پر سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی پاسداری کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں