فیصل آباد :وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں، گرین ٹریکٹرز اور اپنا کھیت اپنا روزگار جیسی سکیمیں کاشتکاروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور باعزت روزگار اور معاشی استحکام کے مواقع بھی فراہم کریں گی۔ وہ ہفتہ کے روز ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں پنجاب حکومت کی گرین ٹریکٹر سکیم فیز فور اور اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کے تحت کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں اور امدادی رقوم کے پے آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے رہنما میاں قاسم فاروق، سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق بھی موجود تھے جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنجوعہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد، ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت خالد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ محمد عدیل، محکمہ زراعت کے افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خاں نے گرین ٹریکٹرز اور زرعی اراضی حاصل کرنے والے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی کسان دوست سکیمیں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، چھوٹے کاشتکاروں کو وسائل کی فراہمی اور انہیں اپنے پاں پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان سہولیات سے مستفید ہونے والے کاشتکار اپنی زمینوں کو بہتر انداز میں آباد کر کے زرعی پیداوار میں اضافے اور ملکی معیشت کے استحکام میں مثر کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تمام فلاحی اور ترقیاتی سکیموں میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے تاکہ سرکاری وسائل سے صرف مستحق اور حقدار افراد ہی مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے کامیاب درخواست گزاروں پر زور دیا کہ وہ فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی قسم کی دشواری یا مسئلے کی صورت میں متعلقہ دفاتر سے رابطہ کریں تاکہ ان کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکومتوں کا بنیادی مقصد عوامی نمائندوں کے ذریعے شہریوں کے مسائل سننا، ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنا اور انہیں بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد اور ان کے ثمرات حقیقی مستحقین تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے رہنما میاں قاسم فاروق نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اور زرعی رقبے کی الاٹمنٹ سے کسانوں کو معاشی استحکام حاصل ہوگا اور زرعی شعبے میں پیداواری سرگرمیوں کو وسعت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع فیصل آباد کے وہ تمام خوش نصیب کاشتکار مبارکباد کے مستحق ہیں جنہیں ان حکومتی سکیموں کے تحت ٹریکٹرز اور زرعی اراضی کی سہولت میسر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں کیونکہ زرعی شعبے کی ترقی براہ راست دیہی معیشت، روزگار کے مواقع اور ملکی غذائی ضروریات سے وابستہ ہے۔ ان سکیموں سے کاشتکاروں کو جدید مشینری اور قابل استعمال زرعی زمین کی فراہمی کے ذریعے اپنی معاشی حالت بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اور زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کا تمام عمل سو فیصد میرٹ اور آن لائن درخواستوں کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے جس کا مقصد حکومتی سہولیات کی فراہمی میں شفافیت برقرار رکھتے ہوئے صرف مستحق اور اہل کاشتکاروں کو منتخب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا بڑا انحصار زراعت پر ہے اور اس اہم شعبے کو ترقی دئیے بغیر ملک کی مجموعی معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری اور زمین کی دستیابی سے کاشتکاروں کی پیداواری استعداد بہتر ہوگی، زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور دیہی علاقوں میں روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کامیاب کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ دستیاب سہولیات سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی زمینوں کو آباد کریں اور بہتر پیداوار کے حصول کے لیے محنت اور جدید زرعی طریقوں کو اپنائیں
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل خطے میں امن کے قیام اور جنگ بندی کےلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہے ہیں،رانا ثناءاللہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل