فضل الرحمان زیرک سیاستدان:گورنر راج کا خاتمہ پی ٹی آئی کے رویئے پر منحصر‘ رانا تنویر

شرقپور:وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، اسمبلی میں بیان دے کر ان سے غلطی ہوئی۔اپنے آبائی علاقے شرقپور میں گرین بسوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،اگر خطے کی صورتحال برقرار رہی تو تیل کے بعد گیس کی فراہمی کے حوالے سے بھی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں، تاہم اسمبلی میں ایسا بیان دے کر ان سے غلطی ہوئی۔خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنر راج زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لئے نافذ کیا جا سکتا ہے جبکہ گورنر راج کی بجائے ایمرجنسی کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے، اگرپاکستان تحریک انصاف اپنے رویئے میں تبدیلی لاتے ہوئے راہ راست پر آ جائے تو گورنر راج کے خاتمے پر غور کیا جا سکتا ہے۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)نے ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے اقدامات کئے ہیں اور اب ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت 26 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر ہیںجو معاشی صورتحال میں بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئے روز اسلام آباد پر چڑھائی اور سیاسی احتجاج کے باعث ملکی ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے، سیاسی کشیدگی اور احتجاجی سرگرمیوں سے ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے، اس لئے ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے تسلسل کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں