کوئٹہ:گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر متعدد کھیلوں میں عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل ہے اور بلوچستان کے کھلاڑیوں میں بھی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مناسب مواقع اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوب اسٹیڈیم میں پاکستان پروفیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مرحوم عبدالغنی مینگل میموریل انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیمپئن شپ میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے 60 باکسرز نے حصہ لیا۔ فائنل مقابلوں میں چار باکسرز نے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کے گولڈ باکسر نجیب اللہ نے گولڈ میڈل جیتا ، علی احمد اور ایران کے دانیال شاہ نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی فیمیل باکسر بس بانو نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی توجہ حاصل کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، نوراللہ لہڑی، کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات، منتظمین اور شائقین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی اور ان کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر جعفر مندوخیل نے کہا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو کافی زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں جنکے موثر استعمال کو ہم یقینی بنائیں گے تاکہ کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی ٹریننگ، ترقی اور بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کے مواقع بڑھانے پر خرچ کئے جا سکیں۔
پاکستان کے کھلاڑی بے پناہ صلاحیتیں کے مالک ہیں‘ گورنر مندوخیل
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل