صحبت پور(خ ن)سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر سرکاری آبپاشی نظام کو نقصان پہنچا کر عوام کو مشکلات اور تباہی سے دوچار کرنے والے عناصر عوام کے خیرخواہ نہیں بلکہ عوام دشمنی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع صحبت پور کی مانجھوٹی شاخ میں غیر قانونی پائپ لائن نصب کرنے کے باعث شگاف پڑنے کے واقعے پر محکمہ ایریگیشن کے ایس ڈی او ایریگیشن عابد علی کھوسہ کی مدعیت میں نادر علی کھوسہ، رحمت اللہ، جان محمد لاشاری اور نذیر احمد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ مدثر ظفر کھوسہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ نہری نظام کسی فرد یا گروہ کی جاگیر نہیں بلکہ قومی و سرکاری املاک کا حصہ ہے، اسے نقصان پہنچانے، پانی کے بہاو¿ میں رکاوٹ ڈالنے یا غیر قانونی طریقے سے پانی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ بھی ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کا نرم گوشہ نہیں رکھا جائے گا، جو لوگ اپنی ناجائز ضروریات اور ذاتی مفادات کے لیے ہزاروں کسانوں اور عام شہریوں کے پانی اور جان و مال کو خطرے میں ڈالیں گے، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ محکمہ ایریگیشن کے اثاثوں کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون شکن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
نہری نظام کسی فرد یا گروہ کی جاگیر نہیں،مدثر ظفر کھوسہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل