گنداخہ (نورحسن جمالی)گورنمنٹ بوائز ہائی سکول الاہی بخش جمالی میں ہیڈ ماسٹر شاہین اسلم سمیجو اور اسکول اسٹاف استاد ذوالفقار علی جمالی، استاد سید زاہد علی شاہ اور استاد یاسر علی جمالی کی نگرانی میں طلبہ میں یونیفارم، تعلیمی سامان اور اسپورٹس کا سامان تقسیم کیا گیا، جبکہ طلبہ کے درمیان کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور رسی کشی کے شاندار مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔کھیلوں کے مقابلوں میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا گیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بچوں کی جسمانی صحت، ذہنی نشوونما اور باہمی تعاون کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔اس موقع پر ہیڈ ماسٹر شاہین اسلم سمیجو نے کہا کہ اسکول میں طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے اساتذہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔ اسکول میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی آگے بڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول کو اس وقت متعدد بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے، جن میں بجلی کے متبادل کے طور پر سولر سسٹم کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں، اس لیے اسکول میں سولر سسٹم کی تنصیب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہیڈ ماسٹر شاہین اسلم سمیجو، اساتذہ اور علاقہ مکینوں نے حلقے سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی سردارزادہ فیصل خان جمالی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اوستا محمد اور ڈپٹی کمشنر اوستا محمد سے مطالبہ کیا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول الاہی بخش جمالی میں سولر سسٹم سمیت پینے کے صاف پانی، اضافی کلاس رومز، فرنیچر، واش رومز، کھیلوں کے میدان اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ علاقے کے بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔اسکول انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اور منتخب نمائندے اسکول کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے طلبہ میں یونیفارم، تعلیمی اور اسپورٹس کا سامان تقسیم
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل