لورالائی(خ ن)لورالائی ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں صوبائی محتسب بلوچستان کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت صوبائی محتسب کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفار میاں خیل نے کی۔ کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر لورالائی احمد زیب کاکڑ، ڈی ایس بی کریم مندوخیل سمیت مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور سربراہان نے شرکت کی کھلی کچہری میں لورالائی کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان، انجمن تاجران کے عہدیداران، سماجی کارکنان، قبائلی رہنماو¿ں، عمائدین علاقہ، شہریوں اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست صوبائی محتسب کے ریجنل ڈائریکٹر اور متعلقہ سرکاری افسران کے سامنے پیش کیں شہریوں کی جانب سے پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، صحت کی سہولیات کی کمی، سرکاری سکولوں کی بندش، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کا فقدان، بنیادی مراکز صحت (BHQs/BHUs) میں ادویات کی قلت، سڑکوں، صفائی، نکاسی آب اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق متعدد شکایات پیش کی گئیں۔شرکاءنے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بعض علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ سرکاری اداروں سے متعلق بعض شکایات کے ازالے میں تاخیر سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔اس موقع پر صوبائی محتسب کے ریجنل ڈائریکٹر عبدالغفار میاں خیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران اور اہلکار عوام کے خادم ہیں، انہیں عوام پر حکمرانی کے بجائے خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا حکومت اور سرکاری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہےانہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی شکایات کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت اور غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ عوام کو سرکاری محکموں کی غفلت، نااہلی اور غیر ضروری تاخیر کے خلاف مو¿ثر داد رسی فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ شہری بلاخوف اپنی شکایات متعلقہ فورم پر پیش کریں تاکہ قانون اور قواعد و ضوابط کے مطابق ان کا ازالہ یقینی بنایا جا سکے کھلی کچہری کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات سنیں اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ضروری ہدایات اور یقین دہانیاں بھی کرائیں شہریوں، سیاسی و سماجی حلقوں اور عمائدین نے صوبائی محتسب کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عوامی فورمز کے انعقاد سے شہریوں کو اپنے مسائل اعلیٰ حکام تک براہِ راست پہنچانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے۔
سرکاری افسران اور اہلکار عوام کے خادم ہیں، عبدالغفار میاں خیل
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل