کوئٹہ(خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتون ثقافت بلوچستان کی تہذیبی شناخت کا ایک اہم اور خوبصورت حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پشتون ثقافت میں مہمان نوازی، رواداری، بہادری، بھائی چارے اور انسان دوستی کی اعلیٰ روایات نمایاں ہیں، جنہوں نے معاشرے کی تشکیل اور اجتماعی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان مختلف اقوام، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے اور یہی ثقافتی و لسانی تنوع صوبے کی اصل خوبصورتی اور قوت ہے۔ تمام اقوام اپنی منفرد ثقافتی شناخت کے ساتھ بلوچستان کی اجتماعی پہچان کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشتون برادری نے بلوچستان کی سماجی، ادبی، سیاسی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جسے قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ نئی نسل کو اپنی تاریخ، اقدار اور شناخت سے جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی ثقافتوں، زبانوں اور روایات کو محفوظ بنائیں اور انہیں آنے والی نسلوں تک منتقل کریں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کی ثقافتیں اور زبانیں صوبے کے مشترکہ ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ تمام ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا احترام اور فروغ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پشتون کلچر ڈے نہ صرف پشتون ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کا موقع ہے بلکہ امن، بھائی چارے، باہمی احترام اور رواداری کے فروغ کا بھی پیغام ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر پشتون برادری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تمام اقوام باہمی احترام، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار جاری رکھیں۔
پشتون کلچر ڈے پر وزیر اعلی بلوچستان کی پشتون برادری کو مبارکباد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل