تربت(خ ن) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل شاہستہ حاصل، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر سدھید لقمان، معراب خان سمیت متعلقہ افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کیچ کے نجی تعلیمی اداروں کی صورتحال، اسکولوں کی رجسٹریشن، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی تنخواہوں، انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں بہتری سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیچ تابش علی بلوچ نے کہا کہ ضلع کیچ میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کو منظم اور فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات کیے جاسکیں۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے لیے ایک مضبوط کمیٹی تشکیل دینے اور بی سی آر اے کے تحت رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ کے تمام نجی اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو مختلف اسکولوں کا دورہ کرکے پانی، بجلی، واش رومز، تعلیمی ماحول اور دیگر بنیادی سہولیات کا جائزہ لے گی۔اے ڈی سی کیچ نے کہا کہ اسکولوں کے معائنے کے دوران حقیقی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی یا مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں نجی اسکولوں کے تدریسی عملے کو درپیش مسائل، بالخصوص اساتذہ کی تنخواہوں کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور اس کے حل کے لیے ضروری اقدامات پر زور دیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کیچ میں مجموعی طور پر 52 نجی اسکول قائم ہیں، تاہم بیشتر اداروں میں بنیادی سہولیات کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔ اجلاس کے شرکاءنے نجی تعلیمی اداروں کی سہولیات، انتظامی امور اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، مسائل کے حل اور ضلع کیچ میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے درمیان باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کو منظم اور فعال بنانے کی ضرورت ہے ،تابش علی بلوچ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل