کوئٹہ(پ ر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے پاکستان ٹیلی وڑن کوئٹہ مرکز میں مقامی زبانوں کے پروگرامز کی بندش اور گزشتہ تین سال سے مقامی فنکاروں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں بلوچی، براہوی، پشتو اور دیگر مقامی زبانوں کے پروگرامز نہ صرف صوبے کی ثقافت، ادب اور زبانوں کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ ان پروگرامز سے وابستہ فنکاروں، ادیبوں، شعرائ اور دیگر شعبہ ہائے فن کو بھی روزگار اور اظہار کا موقع ملتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مقامی فنکار اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد بھی میڈیا کا ایک اہم شعبہ ہیں، جنہوں نے دہائیوں سے اپنی صلاحیتوں کے ذریعے بلوچستان کی تہذیب، ثقافت، زبانوں اور مثبت تشخص کو اجاگر کیا ہے۔ایسے فنکاروں کو طویل عرصے تک ان کے معاوضوں سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ تین سال سے معاوضوں کی عدم ادائیگی نے مقامی فنکاروں کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جس پر خاموش نہیں رہا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی وڑن کوئٹہ مرکز بلوچستان کے عوام، مقامی زبانوں اور ثقافت کی نمائندگی کا اہم ادارہ ہے، اس لیے مقامی زبانوں کے پروگرامز کو بند کرنے کے بجائے ان کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جانا چاہیے۔ حکومت اور پی ٹی وی انتظامیہ مقامی فنکاروں کے واجبات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائے اور بند کیے گئے مقامی زبانوں کے پروگرامز بحال کرکے فنکاروں کو دوبارہ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی کوئٹہ مرکز میں مقامی فنکاروں اور پروگرامز سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، واجبات کی ادائیگی کا واضح ٹائم فریم دیا جائے۔ بیان میں معاوضوں کی ادائیگی کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان فنکاروں اور میڈیا سے وابستہ دیگر تمام شعبوں کے جائز حقوق اور معاشی تحفظ کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
پی ٹی وی کوئٹہ میں مقامی زبانوں کے پروگرامز کی بندش قابل تشویش ہے،پروفیسر حلیم صادق
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل