پاکستان، ڈنمارک کا تجارت، آئی ٹی ،توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کوئٹہ( سٹاف رپورٹر) پاکستان میں تعینات ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیروس مورٹینسن نے حکومت پاکستان کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ سے ملاقات کی ۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،گرین انرجی ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، تعلیم،صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،تجارت ،سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے ، افرادی قوت کی ترقی اور ثقافتی روابط کے فروغ کی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیروس مورٹینسن نے کہا کہ ڈنمارک ، پاکستان کے ساتھ جاری تین سالہ شراکت داری پروگرام کے تحت گرڈ پلاننگ، ڈیٹا سسٹمز اور توانائی کی کارکردگی سے متعلق اصلاحات میں تعاون کر رہا ہے ، ڈنمارک کی کمپنیاں پاکستان کے زرعی اور آئی ٹی کے شعبوں میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں جبکہ ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان پائیدار بندر گاہوں اور مارسک کے ٹرانس شپمنٹ پورٹ کے حوالے سے بھی اہم شراکت داری کے معاہدے موجود ہیں،جس کا مقصد ماحول دوست سمندری ٹیکنالوجیز کی مدد سے پاکستان کے سمندری ڈھانچے کو جدید بنانا، بندرگاہی آپریشنز کو بہتر بنانا اور توانائی کی بچت پر مبنی شپنگ شامل ہیں۔مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے پاکستان کے ساتھ ڈنمارک کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنا کر مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ڈنمارک کی سفیر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ، تجارت ،سرمایہ کاری ،آئی ٹی اور نئی مارکیٹوں تک رسائی کے میدان میں شراکت داری بڑھانے سمیت پاکستان اور ڈنمارک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔حکومت پاکستان کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز شاہ نے کہا کہ پاکستان ماحول دوست سمندری طریقہ کار اپنانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کر رہا ہے،پائیدار سمندری ٹیکنالوجیز کو اپنانے سے پاکستانی بندرگاہوں پر ماحولیاتی کارکردگی میں بہتری آئے گی،شمسی اور ہوائی توانائی جیسے قابل تجدید ذرائع کو بندرگاہی آپریشنز میں شامل کیے جانے سے فوسل فیول پر انحصار کم ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں