حوصلہ افزائی تعلیمی معیار کی بہتری اور مثبت تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے،زاہد حسین

گوادر(خ ن)اساتذہ معاشرے کی علمی و فکری تربیت اور نئی نسل کی کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف اور حوصلہ افزائی تعلیمی معیار کی بہتری اور مثبت تعلیمی ماحول کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں 5 اکتوبر کو گوادر میں تکریمِ اساتذہ کی خصوصی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس گوادر میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں میر کاروان کے سربراہ میر ارشد کلمتی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی یومِ اساتذہ کے اغراض و مقاصد، اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی 5 اکتوبر کو میر کاروان کے زیرِ اہتمام اور میر ارشد کلمتی کی سربراہی میں تکریمِ اساتذہ کی خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں سرکاری و نیم سرکاری اسکولوں، کالجوں، جامعہ گوادر اور اکیڈمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا جائے گا میر ارشد کلمتی نے کہا کہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی دراصل تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کے بہتر مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی پذیرائی سے دیگر اساتذہ کو بھی مزید محنت اور تعلیمی معیار بلند کرنے کی ترغیب ملتی ہے اجلاس میں اساتذہ کے عالمی دن کی تقریب کو مو¿ثر، باوقار اور اساتذہ کی خدمات کے شایانِ شان بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں