لورالائی(خ ن)ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن لورالائی ڈویژن و کوہِ سلیمان ڈویژن کے اضافی چارج عبدالواسع خان کاکڑ نے دونوں ڈویژنوں کے مختلف تعلیمی اداروں کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سپرنٹنڈنٹ ملک نجیب خان کاکڑ بھی موجود تھے۔دورے کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کنگری موسیٰ خیل، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کنگری موسیٰ خیل . گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رکنی اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول رکھنی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران طلبہ و طالبات کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں تعلیمی ماحول، اساتذہ کی کارکردگی اور سکولوں کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواسع خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اورخوشحالی کی بنیادی بنیاد ہے، جبکہ بنیادی تعلیم بچے کے روشن مستقبل کی پہلی سیڑھی ہے۔ اگر بچوں کو ابتدائی سطح پر معیاری تعلیم، اچھی تربیت اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے تو وہ مستقبل میں معاشرے اور ملک کی ترقی میں مو¿ثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے کا نام نہیں بلکہ شعور، کردار، اخلاق، ذمہ داری اور بہتر مستقبل کی تعمیر کا ذریعہ ہے۔ ہر بچے اور بچی کو بلاامتیاز تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔عبدالواسع خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم ہر بچے اور بچی کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی فراہمی کے لیے والدین، اساتذہ، محکمہ تعلیم اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بالخصوص اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں، اس لیے وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری، محنت اور خلوص کے ساتھ سرانجام دیں اور طلبہ و طالبات کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں باقاعدہ حاضری، مو¿ثر تدریس، نظم و ضبط اور بچوں کے ساتھ مثبت رویہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اساتذہ اپنے فرائض میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتیں، کیونکہ تعلیم کے شعبے میں ہماری آج کی محنت ہی آنے والی نسل کے مستقبل کو بہتر بنائے گی ڈویژنل ڈائریکٹر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لورالائی اور کوہِ سلیمان ڈویژن میں تعلیمی معیار کی بہتری، بنیادی تعلیم کے فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔دورے کے دوران سکول انتظامیہ اور اساتذہ سے تعلیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مو¿ثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی اورخوشحالی کی بنیادی بنیاد ہے،عبدالواسع کاکڑ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل