کینسل شدہ پرمٹ پر چلنے والی لوکل بسوں کے خلاف کریک ڈاون

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ حیات کاکڑ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں خستہ حال اور موٹر وہیکل آرڈیننس رولز کے تحت کینسل شدہ پرمٹ پر چلنے والی لوکل بسوں کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کوئٹہ نعمت اللہ ترین نے اپنے عملے کے ہمراہ ایس پی ٹریفک صدر کوئٹہ عاصم شاہ اور ٹریفک پولیس کی ٹیم کے ساتھ مختلف روٹس پر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پانچ خستہ حال اور کسنیل شدہ لوکل بسوں کو بند کر دیا گیا، جبکہ تین بس مالکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایک بس مالک کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر بھی درج کر دی گئی ۔حکام نے بتایا کہ کارروائی میں بند کی جانے والی تمام لوکل بسوں کے پرمٹ ان کی خستہ حالی اور موٹر وہیکل قوانین کی خلاف ورزی کے باعث آر ٹی اے کی جانب سے پہلے ہی منسوخ کیے جا چکے تھے، تاہم اس کے باوجود بس مالکان کی جانب سے انہیں مختلف روٹس پر غیر قانونی طور پر چلایا جا رہا تھا۔سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ نعمت اللہ ترین نے کہا کہ منسوخ شدہ پرمٹ اور خستہ حال گاڑیوں کو کسی صورت سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو قانون کے مطابق بہتر بنانے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹرانسپورٹرز کو مقررہ قوانین اور حفاظتی معیار پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔کوئٹہ شہر کے اندرون سڑکوں پر اب صرف 2022 ماڈل کوسٹر اور آئی ایس کو چلنے کی اجازت ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں