کوئٹہ……عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے اسمارٹ لاگ ڈاو¿ن اور نقل و حمل محدود کرنے کی تجاویز پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں کاروباری و معاشی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی تجاویز عوامی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گی۔اسمارٹ لاگ ڈاو¿ن اور نقل و حمل پر پابندیوں کی کسی بھی تجویز کو ملک کو مفلوج کرنے کے مترادف سمجھتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے میں تین دن کاروبار اور معمولات زندگی محدود رکھنے کی تجویز سے سب سے زیادہ متاثر عام شہری، دیہاڑی دار اور مزدور طبقہ ہوگا، جو روزانہ محنت کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالتا ہے۔ مزدور اگر ایک دن کام نہیں کرے گا تو اس کے گھر کا چولہا متاثر ہوگا، جبکہ ہفتے میں تین دن کام کے مواقع محدود ہونے سے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کئی گنا بڑھ سکتی ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت کو ایسی پالیسیاں بنانے سے گریز کرنا چاہیے جن سے روزگار، کاروبار، صنعت، تجارت اور نقل و حمل کا پہیہ سست پڑ جائے۔ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کو سہولت دی جائے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جائیں اور عام آدمی کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پٹرول، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے پہلے ہی عوام کی قوت خرید کو شدید متاثر کیا ہے۔ حکومت اگر واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو اسے غیر ضروری اخراجات کم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ عوام کی نقل و حرکت اور کاروباری سرگرمیوں کو محدود کرنے کے راستے اختیار کیے جائیں۔صوبائی صدر عوام پاکستان پارٹی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فیصلے عوامی مفاد، زمینی حقائق اور معاشی اثرات کو مدنظر رکھ کر کیے جانے چاہئیں۔ ایسے اقدامات جن سے غریب، مزدور، ٹرانسپورٹر، دکاندار اور چھوٹے کاروباری طبقے کا روزگار متاثر ہو، ان پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔
اسمارٹ لاگ ڈاون ملک مفلوج کرنے کے مترادف ہے۔ سید امان شاہ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل