جاپانی اعزازی قونصل جنرل سے ہیتومی سونودا سان کی ملاقات

کوئٹہ( سٹاف رپورٹر) جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے جاپان کی معروف گیروس کارپوریشن کے سینئر آرکیٹیکٹ( فرینڈ آف پاکستان) ہیتومی سونودا سان نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں تعلیم ،صحت ، پانی ، زراعت ،مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں سمیت جاپان اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے سمیت ایئرپورٹ سیکیورٹی کی بہتری کیلئے تقریباً 7 ارب روپے مالیت کے(جائیکا)گرانٹ ایڈ پروجیکٹ (مرحلہ دوم) کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ ( فرینڈ آف پاکستان) ہیتومی سونودا سان ماضی میں ین کریڈٹ کے تحت بلوچستان میں مالی معاونت والے منصوبوں سمیت 2 سو سے زائد مڈل سکولوں کی تعمیرمیں اہم ترین خدمات انجام دچکے ہیں۔ہیتومی سونودا سان نے کہا کہ جاپان گورنمنٹ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، پانی کی فراہمی، سماجی ترقی کے منصوبوں میں معاونت کررہی ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بلوچستان کو 22 سے زائدجدید ڈرلنگ رگز کی فراہمی سمیت مختلف انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل میں تعاون فراہم کیا ہے، بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں پانی کے کنویں کھودنے کیلئے جدید ترین ڈرلنگ مشینری فراہم کی گئی ہے ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے مختلف منصوبوں میں تکنیکی معاونت فراہم کی ،یہ منصوبے بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے جاپان کی طویل مدتی ترقیاتی شراکت داری کا حصہ ہیں۔ہیتومی سونودا سان نے کہا کہ گورنمنٹ آف جاپان نے پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک میں بہتری کیلئے پاکستان کے ساتھ مختلف منصوبوں، جن میں انڈس ہائی وے اور کوہاٹ ٹنل شامل ہیںمیں شراکت داری کے علاوہ غازی باروتھا ہائیڈرو پاور منصوبہ کے علاوہ قومی ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ اسٹیشنز کی مضبوطی سمیت پاکستان کے معاشی انفراسٹرکچر اور سماجی بنیادوں کی بحالی میں تعاون کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں