ڈیرہ بگٹی ، یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد

ڈیرہ بگٹی(خ ن) یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ضلع ڈیرہ بگٹی میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد وطن عزیز سے والہانہ محبت، شہداءو غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت اور قومی یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔ریلیوں میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، طلبہ، سماجی تنظیموں، قبائلی عمائدین اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاءنے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کی سلامتی و سربلندی اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جو قوم کے غیر متزلزل عزم، اتحاد اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے شہداءاور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی سلامتی، امن و استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے تمام طبقات اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ریلیوں کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور شہداءکے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں