کوئٹہ(پ )بلوچستان میڈیا فورم نے مستونگ کے سینئر صحافی شہید نثار جان لہڑی کی دوسری برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نثار جان لہڑی نے پیشہ ورانہ صحافتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرکے نہ صرف صحافت کی عظیم روایت کو زندہ رکھا بلکہ قربانی اور فرض شناسی کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ بلوچستان میڈیا فورم کے رہنماو¿ں نے کہا کہ شہید نثار جان لہڑی نے مشکل اور خطرناک حالات میں بھی حقائق عوام تک پہنچانے اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی شہادت صحافت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کے لیے ایک عظیم قربانی اور مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں، مگر بلوچستان میں صحافیوں نے ہمیشہ اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ شہید نثار جان لہڑی سمیت تمام شہدائے صحافت کی قربانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور صحافتی فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ فورم نے شہید نثار جان لہڑی کے اہلِ خانہ سے بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم شہید کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہے اور شہید کی صحافتی خدمات اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نثار لہڑی کی صحافتی خدمات اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گیبی ایم ایف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل