6 ستمبر عزم و حوصلے اور قومی یکجہتی کی لازوال داستان ہے، ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد(پ ر ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہدائ ، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا وہ ناقابلِ فراموش دن ہے جب ہماری بہادر افواج اور پوری قوم نے اتحاد، عزم اور بے مثال قربانی کے جذبے سے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ شہدائ نے اپنے خون سے پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی اور غازیوں نے اپنی بہادری سے وطن کے دفاع کی تاریخ رقم کی۔ قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ شہدائ ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کا سرچشمہ ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ آج پاکستان کو بیرونی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں ملکی دفاع، قومی سلامتی اور امن کے قیام کے لیے پاک فوج کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے پوری طرح چوکس اور پرعزم ہیں۔ بیرونی جارحیت ہو یا اندرونی دہشت گردی، پاکستان دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وطن کی سلامتی کے خلاف کسی بھی سازش کا قوم اور اس کی بہادر افواج متحد ہو کر مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ یہ قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور وطن کی حفاظت کے لیے متحد ہے۔ پاکستان نہ کل جھکا تھا، نہ آج جھکے گا اور نہ آئندہ کبھی جھکے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ جب قوم متحد ہو کر اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو تو کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔ آج بھی ہمیں اسی جذبہ یکجہتی، قومی اتحاد اور حب الوطنی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سیاسی، لسانی، علاقائی اور دیگر اختلافات سے بالاتر ہو کر ہمیں پاکستان کے پرچم تلے متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے کے عوام پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے بھی ملک کے دفاع اور امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور قومی یکجہتی کے اس سفر میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کا پرچم ہماری پہچان، پاکستان کی سرزمین ہماری امانت اور اس کا دفاع ہمارا قومی فرض ہے۔ ہمیں شہدائ کی قربانیوں کو صرف یاد ہی نہیں رکھنا بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک مضبوط، پرامن، خوشحال اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے یومِ دفاع کے موقع پر پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرے اور اپنے شہدائ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عہد کرے کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور قومی وقار پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں