کوئٹہ…… معروف قبائلی شخصیت میر جمیل رند نے مشرقی بائی پاس کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے کیسکو کی جانب سے مشرقی بائی پاس کے مکینوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے، جس کے باعث ہزاروں شہری شدید مشکلات اور اذیت سے دوچار ہیں۔ میر جمیل رند نے کہا کہ مشرقی بائی پاس کے علاقوں میں گزشتہ دو ماہ سے بجلی کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران بمشکل پانچ گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ دن کے بیشتر اوقات بجلی مکمل طور پر غائب رہتی ہے، جبکہ رات کے وقت بھی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ رات 10 بجے سے 12 بجے تک اور پھر رات 2 بجے سے صبح 6 بجے تک بجلی بند کردی جاتی ہے، جس کے باعث شہری شدید گرمی، حبس اور مچھروں کی بہتات میں راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شہریوں کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں، خصوصاً بچے، بزرگ اور خواتین اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث گھریلو معمولات، کاروباری سرگرمیاں اور دیگر ضروری امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ میر جمیل رند نے کہا کہ بجلی کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے، کیسکو حکام کو چاہیے کہ مشرقی بائی پاس کے عوام کے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کریں اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مشرقی بائی پاس کے علاقوں میں بجلی کی صورتحال فوری بہتر نہ کی گئی تو عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کیسکو کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ مشرقی بائی پاس میں طویل لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے اور بجلی کی فراہمی کا باقاعدہ اور منصفانہ شیڈول جاری کیا جائے۔
مشرقی بائی پاس میں بدترین بجلی لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔میر جمیل رند
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل