کوئٹہ(یو این اے) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی، آل بلوچستان بس ایسوسی ایشن، آل بلوچستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن، آل بلوچستان بیروزگار یونین، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن اور منی مزدا ٹرک ایسوسی ایشن کے رہنماں نے کوئٹہ کراچی ہزار گنجی بس ٹرمینل کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو پہلے سے الاٹ شدہ ٹرمینل کی دوبارہ الاٹمنٹ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔۔ معروف ٹرانسپورٹرز میر حکمت لہڑی، میر دولت خان لہڑی، آل بلوچستان بس فیڈریشن کے صدر لالا سعید لہڑی، آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، حاجی موسی جان اچکزئی، حاجی نصر اللہ دھوار، علی محمد اچکزئی، حاجی لعل محمد مشوانی، آل بلوچستان بیروزگار یونین کے صدر میر زبیر لانگو، جنرل سیکرٹری لطیف شاہوانی، آل بلوچستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی داد کرد، حاجی یاسین بنگلزئی، نور محمد، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی، نائب صدر خدائیداد شاہوانی، حاجی عطا اللہ کاکڑ، منی مزدا ٹرک ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی بابو رئیسانی، صدر قدیم اللہ بڑیچ، جنرل سیکرٹری یونس پٹھان اور دیگر رہنماں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہزار گنجی بس ٹرمینل بہت پہلے ٹرانسپورٹرز کو باقاعدہ الاٹ کیا جا چکا ہے، جس کے قانونی دستاویزات بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمینل کی الاٹمنٹ سے متعلق معاملہ پہلے ہی عدالت میں زیر سماعت ہے، لہذا عدالتی کارروائی اور قانونی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے دوبارہ الاٹمنٹ کی کوشش نہ صرف قابل تشویش بلکہ ٹرانسپورٹرز کے حقوق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے طویل عرصے سے اپنی محنت اور وسائل کے ذریعے اس ٹرمینل کو فعال بنانے میں کردار ادا کیا ہے، ایسے میں کسی بھی یکطرفہ یا غیر قانونی اقدام سے ہزاروں ٹرانسپورٹرز، محنت کشوں اور ان سے وابستہ افراد کے روزگار اور مفادات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا ہزار گنجی بس ٹرمینل کی الاٹمنٹ کسی صورت قبول نہ کرنے کا اعلان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل