گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، نصیر لہڑی

کوئٹہ(یو این اے)سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے سینئر افسر حاجی نصیراحمد لہڑی نے تھیفٹ کلیم کے انچارج محمد زبیر سے ملاقات کی، جس میں کوئٹہ شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ، کم پریشر، صارفین کو درپیش مشکلات، گیس کی بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کے فوری ازالے سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی کی صورتحال اور گھریلو صارفین کو روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ گیس کی فراہمی میں درپیش مسائل کے حل، صارفین کی شکایات پر فوری توجہ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ شعبوں کے درمیان مثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ حاجی نصیراحمد لہڑی نے کہا کہ گیس عوام کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، بالخصوص موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی مناسب فراہمی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ صارفین کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کے حل کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت اندراج، متعلقہ شعبوں تک ان کی رسائی اور شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید مثر بنانے سے صارفین کی مشکلات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں عوام اور متعلقہ حکام کے درمیان رابطے کا مثر نظام بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کوئٹہ میں گیس کی فراہمی سے متعلق عوامی مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت، بہتر رابطہ کاری اور شکایات کے ازالے کے نظام کو فعال بنانے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کم کرنے اور گیس کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مثر اقدامات کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں