وزیر اعلی سے ٹیوب ویل کی زمین واگزار کرانے کی اپیل

کوئٹہ(یو این اے) کلی ملک عمر خان ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ کے معتبرین کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقے کے بنیادی مسائل، بالخصوص پینے کے صاف پانی کی شدید قلت اور سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ہمدردانہ اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کلی ملک عمر خان میں عوام کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور ٹیوب ویل کی اراضی کو قبضے سے واگزار کرایا جائے۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ کلی ملک عمر خان میں پینے کا صاف پانی ناپید ہوچکا ہے اور اہل علاقہ ٹریکٹروں کے ذریعے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی بیشتر زمین پر قبضوں کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔معتبرین نے الزام عائد کیا کہ سابق ایکسین پی ایچ ای کی جانب سے ٹیوب ویل کی زمین پر فارم ہاس اور دو کوارٹرز قائم کیے گئے ہیں، جسے اہل علاقہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر متعدد مرتبہ جگہ خالی کرنے کے احکامات جاری کیے جانے کے باوجود مبینہ طور پر متعلقہ شخص اراضی خالی کرنے پر آمادہ نہیں۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وہ پرامن شہری ہیں اور کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے، تاہم اگر علاقے میں کسی شہری کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری مبینہ قبضہ کرنے والے عناصر اور ان کے بااثر سرپرستوں پر عائد ہوگی۔انہوں نے وزیراعلی بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سرکاری اراضی واگزار، فارم ہاس اور دیگر تعمیرات کے معاملے کی شفاف تحقیقات اور کلی عمر خان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں شکاہ فقیر، خوشحال کاسی، حاجی صالح محمد، طاہر پانیزی، حاجی عبد الہادی، شان عالم، راز محمد، اظہار خان، سالار کاسی اور مشر اسماعیل خان سمیت دیگر معتبرین نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں