حب میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ،متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے،میر علی حسن زہری

حب(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام حسن پیر ساکران میں گرینڈ شمولیتی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں معززین نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے ترجمان برائے بلوچستان، سابق صوبائی وزیر اور سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔دریں اثناءمیر علی حسن زہری حسن پیر ساکران پہنچے تو سینکڑوں پارٹی کارکنوں ،علاقہ معززین ، سیاسی ، سماجی و قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے میر علی حسن زہری کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر علی حسن زہری نے بلا تعصب رنگ و نسل ہر علاقے میں عوامی مفادات کے منصوبوں پر عملدرآمد کیاجنہیں گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک نظر انداز کیا گیا۔ میر علی حسن زہری کے ضلع بھر میں یکساں ترقی کے وژن اور عوام سے محبت دیکھ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے کہا کہ ساکران اور حب کو کئی دہائیوں تک نظر انداز کیا گیا، تاہم اب علاقے میں تعلیم، سڑکوں اور بنیادی سہولیات سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے علاقے کا ترقیاتی منظرنامہ تبدیل ہوگا۔میر علی حسن زہری نے کوئٹہ کراچی شاہراہ سمیت مختلف منصوبوں میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں کے دوران اہلکاروں کی شہادتیں بھی ہو رہی ہیں، اس لیے ادارے کی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مند کی سڑک سمیت مختلف منصوبوں میں ایف ڈبلیو او نے معیاری کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں 120 اسکولوں کی مرمت مکمل کی جا چکی ہے، ساکران میں کیڈٹ کالج کی تعمیر جاری ہے جبکہ 26 نئے اسکولوں کی تعمیر کے منصوبے بھی آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں سولر سسٹم کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ضلع حب میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے اور متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث عوام کو عارضی مشکلات ضرور پیش آ رہی ہیں، تاہم منصوبوں کی تکمیل سے سفری سہولیات اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی اور حب ایک ماڈل ضلع کے طور پر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے روزگار کی فراہمی کے اعلان کے تناظر میں بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے اور عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ حب میں پانی کی قلت پر بات کرتے ہوئے میر علی حسن زہری نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں حب ڈیم کا دورہ کرکے پانی کی دستیابی اور ترسیل کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔ بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم حب کے عوام کو ان کے حصے کا پانی فراہم کرنے اور ترسیلی نظام بہتر بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور کوششیں جاری ہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے جو وعدے کیے تھے، ان پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ضلع حب سمیت ساکران کی ترقی، تعلیم، روزگار، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں